نئی دہلی،23ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعلی اروند کجریوال نے آج دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ پر زور دیا کہ وہ دہلی بجلی ریگولیٹری (ڈی ای آر سی) کے چیئرمین کے طور پر کرشن سینی کی تقرری کو منسوخ کرنے کے اپنے فیصلے پر عوامی مفاد میں نظر ثانی کریں۔انہوں نے کہا کہ آپ حکومت نے انتخاب کے عمل کے دوران تمام مقررہ طریقہ کار پر عمل کیا۔جنگ کو لکھے 27صفحات کے اپنے خط میں کجریوال نے کہا کہ سینی کی تقرری کو منسوخ کئے جانے سے بجلی کے شعبے کے لئے صرف سنگین مسائل ہی پیدا ہوں گے اور صارفین پر اس کا کافی منفی اثر پڑے گا جس لیفٹیننٹ گورنر کا ارادہ نہیں رہا ہوگا۔دہلی کے وزیر اعلی نے بجلی ریگولیٹری یونٹ کے صدر کے طور پر سینی کی تقرری منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا ذاتی طور پر اصرار کرنے کے لئے جنگ سے ملاقات کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔کجریوال نے خط میں کام کاج چلانے کے قوانین کا ذکر کیا اور کہا کہ سینی کو مقرر کرتے وقت تمام مقرر ہ قوانین پر عمل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے پورے انتخاب کا عمل ایک منصفانہ اور شفاف طریقے سے کیاگیا اور قانون پر مکمل عمل کیا گیا،عمل میں رتی محض بھی بدنیتی، تعصب یا بے ضابطگی نہیں ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر نے پیر کو کہا تھا کہ سینی کو مارچ میں جنگ کی منظوری(جو کہ قوانین اورعمل آور کے تحت ضروری ہے)کے بغیر دہلی بجلی ریگولیٹری کمیشن(ڈی ای آر سی)کے سب سے اہم عہدے پر مقرر کیا گیا تھا۔